نئی دہلی، 31؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )صدر پرنب مکھرجی اور نائب صدر حامد انصاری نے آج اندرا گاندھی کو ان کی 32ویں برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا جبکہ راہل گاندھی نے24، اکبر روڈ سے صفدر جنگ روڈ تک مارچ کیا، جہاں ہندوستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم کا قتل ہوا تھا۔سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ بھی اندرا میموریل پر موجود تھے۔کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے پارٹی صدر سونیا گاندھی اور دیگر سینئر رہنماؤں کے ساتھ اندرا گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔سینئر لیڈر آنند شرما نے کہا کہ عہدیداروں نے اس موقع پر ایک دعائیہ پروگرام میں شرکت کی۔اس دوران مرکزی حکومت کا کوئی شخص وہاں موجود نہیں تھا۔شرما نے نریندر مودی کی حکومت کی طرف سے اندرا گاندھی کی یاد اور شہادت کی جان بوجھ کر توہین کئے جانے کو لے کر بھی نشانہ سادھا اور اندرا گاندھی کو ایک عظیم لیڈر اور مقبول وزیر اعظم بتایا جنہوں نے ہندوستان کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔غلام نبی آزاد، شرما، کماری شیلجہ ، احمد پٹیل اور رندیپ سرجیوالا نے راہل گاندھی کے ساتھ کانگریس ہیڈکوارٹر سے اسمارک تک ایک کلومیٹر کی مسافت طے کی ۔اس سے پہلے پارٹی نے شکتی استھل پر سالانہ یادگاری پروگرام کو منسوخ کر دیا تھا کیونکہ کئی بطخوں کے مارے جانے کے درمیان شہر میں برڈ فلو کا خوف پھیلا ہوا ہے۔